ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ششی کلا جولّے کو ملا ضلع شمالی کینرا کی انچارج وزیرکا عہدہ

ششی کلا جولّے کو ملا ضلع شمالی کینرا کی انچارج وزیرکا عہدہ

Tue, 17 Sep 2019 12:36:04    S.O. News Service

کاروار 17/ستمبر (ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے کئی دنوں کی تاخیر کے بعد بالآخر ریاستی انچارج وزیروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ اور ضلع شمالی کینرا میں پہلی مرتبہ ششی کلا جولّے نامی خاتون کو انچارج وزیر بنایاگیا ہے۔

ششی کلا انّا صاحب جولّے بیلگام کے نیپّانی حلقے سے بی جے پی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔انہیں بہبودیئ خواتین و اطفال،معذوروں اور بزرگ شہریوں کو بااختیار بنانے والے محکمے کا قلمدان سونپا گیا ہے۔اب انہیں ضلع اتر کنڑا کا انچارج وزیر بنادیا گیا ہے۔اس سے قبل پر جگدیش شیٹر کو ضلع شمالی کینرا کا  عبوری چارج سونپا گیا تھا۔ اب انہیں بیلگام ضلع کا انچارج نامزدکیا ہے۔

ماضی میں ضلع شمالی کینرا کے جو انچارج وزیر رہے ہیں ان میں بھٹکل حلقے سے جیتنے والے ایس ایم یحییٰ مرحوم، آر این نائک،شیوانند نائک، کاروار حلقے سے جیتنے والے پربھا کر رانے، پریما نند جیونت، ہلیال حلقے سے جیتنے والے آر وی دیشپانڈے، سرسی حلقے سے جیتنے والے وشویشورا ہیگڈے کاگیری کے نام شامل ہیں۔ان سب میں آر وی دیشپانڈے اس ضلع کے انچارج وزیر کے مقام پر بہت لمبے عرصے تک فائز رہے ہیں۔ 

 لیکن ضلع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی دوسرے ضلع سے منتخب ہونے والے وزیر کو ضلع انچارج کا عہدہ سونپا گیا ہے، جبکہ عام طور پر یہ گمان کیا جارہاتھا کہ کانگریس سے بغاوت کرکے مخلوط حکومت گرانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے نااہل قرار دئے گئے رکن اسمبلی شیورام ہیبار کو بی جے پی میں شامل کرتے ہوئے یہ عہدہ دیا جائے گا۔ مگر باغیوں کو نااہل قرار دئے جانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت رہنے اور فیصلے میں ہورہی تاخیر کی وجہ سے وزیراعلیٰ کے لئے اسے ٹالنا مشکل ہوگیا تھا۔ لہٰذا اضلاع کے لئے انچارج وزیروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔


Share: